ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کے لیے عراقی حکام اور عراق ایئرویز سے رابطے میں ہیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانیوں کی جلد واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفارت خانے نے پاکستانیوں کو کھانا اور بغداد میں عارضی قیام کی سہولت فراہم کی ہے۔ عراق سے زائرین کی واپسی آج رات سے شروع ہونے کی امید ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عراق میں پاکستانی سفیر ذیشان احمد سے رابطہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ عراق میں پاکستانی مشن ساری صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیگریشن، وزارت خارجہ،عراقی ایئرویز سمیت تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں جبکہ پاسپورٹ گم ہونے والی خبریں غلط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
پاکستانی سفیر ذیشان احمد نے کہا کہ تمام صورتحال ٹورازم کمپنیوں کی بدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ تمام زائرین بغداد ایئرپورٹ پر موجود ہیں جنہیں تمام سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 600 زائرین میں سے 350 زائرین آج رات کراچی پہنچ جائیں گے جبکہ یہی جہاز واپس آ کر باقی زائرین کو بھی کل صبح کراچی لے جائے گا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستانی زائرین کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جائے اور زائرین پریشان نہ ہوں حکومت اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔