پنجاب ہائی وے پیٹرول میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل تنویر الاسلام نے اردو ادب میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ڈاکٹریٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے تنویر الاسلام اور اس کے بیٹے نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے تنویر الاسلام کو شاندار تعلیمی کامیابی پر تعریفی سند، کیش انعام سے حوصلہ افزائی کی۔
آئی جی پنجاب نے تنویر الاسلام سے اس کی ڈگری کے مقالے بارے دریافت کیا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ تنویر الاسلام جیسے قابل اور اعلی تعلیم یافتہ افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا فخر ہیں۔
پنجاب پولیس میں متعدد اہلکار پی ایچ ڈی، ایم فل، انجینئرنگ سمیت مختلف مضامین میں اعلی تعلیم یافتہ ہیں، ہیڈ کانسٹیبل تنویر الاسلام نے کہا کہ 2005 میں جب پولیس فورس جوائن کی، اس وقت تعلیم ایف اے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ افسران کی حوصلہ افزائی، ساتھیوں کے تعاون سے ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ تعلیمی سفر جاری رکھا اور بالآخر پی ایچ ڈی مکمل کرنے میں کامیاب رہا۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن آصف امین اعوان سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔