0

شیخ مجیب الرحمان ویڈیو معاملہ، عمران خان کا ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار

تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے شیخ مجیب کی ویڈیو ایکس پر اپلوڈ کرنے کے معاملے پر تفتیش کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے ملنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کے معاملے پر تفتیش کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم رات گئے اڈیالہ جیل پہنچی۔ تاہم جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے کی ٹیم سے ملنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم سے شاملِ تفتیش ہونے کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔ بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سوال کا جواب وکلاء کی موجودگی میں دوں گا۔

ایف آئی اے ٹیم نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا مؤقف تحریری طور پر حاصل کرلیا۔

خیال رہے کہ ‏عمران خان کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ایف آئی اے سائبر وِنگ نے انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔

26 مئی کو عمران خان آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ایک من گھڑت اور پروپیگنڈا ویڈیو ٹویٹ کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply