پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری ریٹ 750 روپے مقرر ہے، جب کہ بازار میں دس کلو آٹے کا تھیلا 100 سے 150 روپے اضافی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔ گراں فروشی کے خلاف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 523 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی، گراں فروشی، نامکمل لیبلنگ اور ناقص انتظامات پر 7 لاکھ 20 ہزار کے جرمانے کیے گئے اور متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔
لاہور ڈویژن میں 25، فیصل آباد 43، ساہیوال میں 33 مقامات چیک کیے گئے، راولپنڈی ڈویژن میں 61، سرگودھا میں 77 مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ ملتان ڈویژن میں 38، بہاولپور 35 اور ڈی جی خان میں 89، گجرات ڈویژن میں 85 جب کہ گوجرانوالہ میں 37 مقامات کی چیکنگ ہوئی۔
ایک بیان میں وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے، وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بے نقاب کیا جا رہا ہے۔