0

مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری

ملک کے مختلف شہروں میں شام سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ،طوفانی ہوائوں سے کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں۔

نشیبی علاقوں اور زیر تعمیر عمارات کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فی الفور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

راولپنڈی میں بھی بارش جاری ہے ،ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں موجود ہے،انڈر پاس کمیٹی چوک اور مری روڈ پر بارش شروع ہوتے ہی ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور کے مقام پر 14 ملی میٹر، گولڑہ کے مقام پر 7 ملی میٹر ، پی ایم ڈی 5 ،شمس آباد پر 4 ملی میٹر جبکہ کچہری میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

حالیہ بارشوں سے ڈیمز میں پانی کی سطح بلند ہونے کی امید ہے جس سے خشک سالی کا خاتمہ ہوگا،بارشوں سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے،نالہ میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 4 فٹ  پانی ہے،کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بجلی فراہم کرنے والے بیشتر 11 کے وی فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ رپورٹ ہوئی،سروس روڈ ایسٹ ،شاہدرہ ،وارث حویلی، چاکرا، کھنہ روڈ ،چیرنگ کراس ،نیو ریس کورس فیڈرز پر فالٹ ہے۔

شمس کالونی، ڈھوک کھبہ ،ولائیت کمپلیکس ،کوہالہ ،مورت کوٹ، جبی فیڈرز پر بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہے،کمپلینٹ سٹاف فیڈرز فالٹ ،انفرادی اور ٹرانسفارمرز خرابی کی شکایات جلد کلیر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

صارفین بارش کے دوران بجلی کی تاروں کھمبوں ٹرانسفارمرز میٹرز سے مناسب فاصلہ رکھیں،ہاتھ اور جسم گیلا ہونے کی صورت میں برقی آلات کو ہرگز نہ چھوئیں۔

کسی بھی کمپلینٹ یا ہنگامی صورتحال میں متعلقہ کمپنٹ آفس کے نمبرز پر کال کریں،ہیلپ لائن 118 اور کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 0519252933 بھی مکمل طور پر متحرک ہیں۔

مری، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش جاری ہے،تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے،موسلا دھار بارش اور آندھی سے نظام زندگی متاثرہوا۔

پشاورمیں بھی تیز ہوائیں چلنے کے بعد بارش شروع  ہے ، موسم خوشگوار ہوگیا،شہر اور گردونواح میں ابر کرم برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ،بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہے،محکمہ موسمیات نے 31 مئی تک صوبے میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

مینگورہ شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے،بالائی اور میدانی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی ،بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

شدید ژالہ باری سے بالائی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا،بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply