پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی،فورم نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور خود مختاری کے لیے مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے دوران فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات اور قومی سلامتی کے لیے اُبھرتے چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ دشمن سیکیورٹی فورسز اورشہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں، فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں، افغان سر زمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار بھی کیا۔
ریاستی اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی جاری ہے، مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد لی جارہی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔
فورم نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے یومِ تکبیر پر پاکستان کو حاصل اہم سنگِ میل اور خطے پر اس کے مستحکم اثرات کو سراہا، فورم نے یواین قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔