اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کا پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے رات گئے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت آئندہ 24 گھنٹوں میں پاکستان پرحملے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جو کہ خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن کسی بھی مہم جوئی یا جنگی اقدام کا جواب قومی وقار کے ساتھ دیا جائیگا، انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو اس کے نتائج کا مکمل ذمہ دار وہ خود ہو گا۔
انہوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اورملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے تیار ہیں،عالمی برادری اوراقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لیں اورخطے کو کسی ممکنہ جنگ سے بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف سفارتی محاذ پرمتحرک ہے بلکہ اندرون ملک عوامی یکجہتی اوردفاعی تیاریوں کو بھی یقینی بنا رہا ہے۔









