لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی پی 161میں دوبارہ گنتی کے خلاف فرخ جاوید مون کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ علی جعفری عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ناکام امیدوار عمر سہیل ضیا بٹ نے الیکشن کمیشن کو حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی، الیکشن کمیشن نے ناکام امیدوار کی درخواست پر دوبارہ گنتی کا نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ انتخابی نتائج میں آزاد امیدوار 18ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہوچکے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 48،47اور 49جاری کئے جاچکے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ قانون کے مطابق انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کے احکامات جاری نہیں کر سکتا لہذا عدالت ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹس کو غیر قانونی قرار دے۔
بعد ازاں عدالت عالیہ نے پی پی 161میں دوبارہ گنتی کرانے کے خلاف آزاد امیدوار فرخ جاوید مون کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دوبارہ گنتی کے نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا۔