اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کے جلسے سے قبل نواز شریف کو ملک سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ بھگوڑوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔ ملک لوٹنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو رہا کر کے باعزت طور پر ملک کو بچایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
شیر افضل مروت نے کہا کہ اس سے قبل کے بنگلہ دیش کی طرز پر پاکستان میں بھی احتجاجی تحریک شروع ہو جائے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر حالات انتہائی خراب ہیں۔ ملک کے سیکیورٹی ادارے ملک کے اندر امن و امان قائم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلوچستان کے چھوٹے سے علاقے میں جس طرح معصوم لوگوں کا قتل عام کیا گیا یہ انتہائی شرم کا مقام ہے۔