0

ہڑتالوں سے کام نہیں چلے گا، ٹیکس دینا ہو گا، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہڑتالوں سے کام نہیں چلے گا۔ ٹیکس دینا ہو گا اور ٹیکس کے نظام کو مؤثر بنا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم معاشی گروتھ کی طرف جا رہے ہیں۔ آج عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں اور اچھی خبر یہ ہے کہ موڈیز نے پاکستان کا گریڈ بہتر کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نظام کو مؤثر بنایا جارہا ہے۔ ایف بی آر کے اندر انتہائی کرپٹ بیوروکریسی رہی ہے۔ غیردستاویزی بلیک اکانومی کا خاتمہ ہو گا اور حکومت ٹیکس کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے گلے شکوے دور ہو سکتے ہیں اور مجھے امید ہے مولانا دوبارہ ہماری صفوں میں بیٹھیں گے۔ سیاست میں بات چیت سے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار نے پارٹی ڈکلیئر نہ کی ہو تو کوئی بھی جماعت رابطہ کرسکتی ہے۔ اس کا بھی امکان موجود ہے کہ ابھی آزاد اراکین سے رابطے نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت قانون جب بہتر سمجھے گی چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔ اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔ بظاہر قانون کے مطابق اگلے چیف جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اجلاس میں کچھ اور کیمرے پر کچھ اور ہوتے ہیں۔ ہم علی امین گنڈاپور کی مجبوریوں کو سمجھتے ہیں۔ حکومت نے ہی علی امین گنڈاپور سے رابطہ کیا تھا اور علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی سے رابطہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply