الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 29، خیبر پختوانخوا اسمبلی کے 58 اراکین کو پی ٹی آئی کا رکن تسلیم کرلیا۔ اسی طرح سندھ اسمبلی کے 6 اراکین کو بھی پی ٹی آئی کا رکن تسلیم کرلیا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اراکین کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اب تک 246 میں سے 93 اراکین کی پی ٹی آئی سے وابستگی تسلیم کر لی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کے 39 ارکان قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کا رکن قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ان کے نام اپنی ویب سائٹ پر شائع کردئیے تھے۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 13 رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔