وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایس ایچ اوز کو چار سے چھ بجے تک پولیس اسٹیشنز میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام ایس ایچ اوز روزانہ شام 4 سے 6 بجے تک تھانے میں موجودگی یقینی بنائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تھانے میں موجودگی کے وقت ایس ایچ اوز لوگوں کے مسائل سُنیں۔ تمام ایس ایچ اوز کی اِن اوقات میں سیف سٹی سے منسلک کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کی بائیو میٹرک حاضری کا جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ علی ناصر رضوی نے گزشتہ ہفتے آئی جی اسلام آباد کا چارج سنبھالا تھا۔ سید علی ناصر رضوی نے بطور اے ایس پی، ایس پی، ایس ایس پی، سی پی او، ڈی آئی جی پنجاب کے 9 اضلاع میں خدمات سرانجام دیں۔