0

علی امین گنڈاپور کو سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی پر نوٹس جاری

الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی پر نوٹس جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی امین گنڈاپور کو کل ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ طلب کرلیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور الیکشن کمیشن پیش ہوکر اثاثوں سے متعلق وضاحت دیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق علی امین گنڈاپور نےالیکشن 2024 کیلئے جمع کرائے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کی۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے تھانہ بنی گالا میں درج مقدمے میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔

سول جج قدرت اللہ نے کیس کی سماعت کی، مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

مدعی نے عدالت کو بتایا کہ وقوعے میں زخمی ہونے والا بندہ ملک سے باہر ہے، عدالت نے مدعی کو ہدایت دی کہ اس کی اسکائپ آئی ڈی دیں۔ عدالت نے اسکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کر دی۔

وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہو چکا ہے، نامزد ملزمان کو بھی معاف کر دیا ہے۔

عدالت نے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیتے ہوئے استفسار کیا کہ اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کر لیا ہے، جس پر محمد ولید نے بیان دیا کہ جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کر دیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کیا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply