سینیئر سیاستدان نے اپنے ایک حالیہ بیان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانے پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا پوری جماعت میں کوئی اور شخص کسی بھی انتظامی عہدے کے لیے اہل نہیں؟
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بھائی وزیر اعظم، صاحبزادی وزیراعلیٰ اور اب انکے سمدھی کو نائب وزیراعظم بنا دیا گیا ہے۔ کیا اُس کا حکمران خاندان سے ہونا ہی واحد شرط ہے؟
دوسری طرف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اگر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو معاشی معاملات دیکھنے کا ٹاسک دیا جاتا ہے تو اختلافات جنم لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں نائب وزیراعظم کی ضرورت نہیں ہوتی، نہ ہی آئین میں نائب وزیراعظم کی گنجائش ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کیے جانے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔