آئی ایم ایف نے پاکستان سے ہونے والے معاہدے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ معاہدے کے بعد پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح بڑھ کر 3.2 فیصد جبکہ بے روزگاری کی شرح 8 فیصد سے کم ہوکر 7.5 فیصد اور افراط زر کم ہوکر 9.5 فیصد ہوسکتی ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محصولات بڑھ کر معیشت کا 15.4 فیصد جانے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال محصولات کا معیشت میں حصہ 12.6 فیصد تھا، پاکستان میں قرضے 67 فیصد سے بڑھ کر معیشت کا 69 فیصد ہو سکتے ہیں۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ٹیکس کا منصفانہ نظام درکار ہے، پاکستان میں ٹیکسوں میں تمام شعبہ جات کو حصہ دار بنانا ضروری ہے، پاکستان کو انسداد منی لانڈرنگ کے فریم ورک پر سختی سے عملدرآمد اور سرکاری اداروں کے نقصانات کوروک کر گورننس بہتر بنانا ہو گی۔
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اصلاحات کا عمل سختی سے جاری رہنا چاہیے، توانائی کی اصلاحات پر عمل درآمد ضروری ہے، حکومت پاکستان بجلی کی لاگت کم کرنے کیلئے اصلاحات یقینی بنائے اور توانائی کی قیمتوں سے متعلق ایڈجسٹمنٹ بروقت کرے۔









