وفاقی پولیس کے افسران اور اہلکار مسلح ڈکیتیوں میں ملوث ڈاکوؤں کے سہولت کار نکلے،انکوائری کے بعد افسران اور اہلکاروں کو سرکاری نوکریوں سے فارغ کردیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران کی درخواست پر آئی جی سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی آپریشنز نے انکوائری کروائی،انکوائری میں اسلام آباد پولیس کے افسران کی ڈکیت گینگ کی سہولت کاری ثابت ہوگئی۔
انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایک سب انسپکٹر،ایک اے ایس آئی ،ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ایک کانسٹیبل کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
ایس ایچ او سب انسپکٹر عاصم غفار کو نوکری سے فارغ کردیا گیا، سب انسپکٹر ظفر اقبال کی تنزلی کرکے اے ایس آئی بنا دیا گیا۔
ہیڈ کانسٹیبل محمد ساجد، دو کانسٹیبلز محمد ہارون اور محمد نوید کو نوکری سے برخاست کردیا گیا ہے۔