ہم مصالحہ کے مشہور شیف محبوب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وہ گزشتہ 21 سالوں سے فائلر ہیں۔ اس کے باوجود کے الیکٹرک نے انہیں نان فائلر قرار دیتے ہوئے بل میں 10 ہزار روپے کا اضافی چارج شامل کر دیا جبکہ ٹوٹل بل 70 ہزار روپے کا بھیج دیا جو کہ گزشتہ سال اسی ماہ اتنے ہی یونٹس کا 35 ہزار آیا تھا۔
شیف محبوب نے کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انہیں اضافی بل ری فنڈ کرنے کی درخواست کی تو حکام کی جانب سے جواب ملا کے ری فنڈ کچھ نہیں ہو سکتا بل پرنٹ ہو چکا ہے جو اب آپ کو جمع کروانا پڑے گا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامعلوم کتنے ماہ سے کے الیکٹرک کی جانب سے مجھ سے اضافی رقم وصول کی جا رہی تھی۔ جو اب کے الیکٹرک نے واپس کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
شیف محبوب نے کہا کہ کے الیکٹرک حکام کی جانب سے جواب ملا کے اگر آپ فائلر ہیں تو کے الیکٹرک کا فارم بھر کر جمع کرائیں تاکہ آئندہ یہ نان فائلر کی اضافہ رقم آپ کے بل میں نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کے الیکٹرک حکام کو جواب دیا کہ ایسا تو بجلی کے بل میں کہیں ذکر نہیں کہ فائلر کا فارم بھر کر جمع کرایا جائے اور یہ فارم آپ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ تو کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ اس بات کا آپ کو خود خیال رکھنا ہے۔