پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کا پارٹی عہدے سے استعفیٰ نہ منظور کرنے کی سفارش کردی۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی جانب سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی ۔
پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا،اراکین نے عمر ایوب کا استعفیٰ قبول نہ کرنے اور خدمات سرانجام دیتے رہنے کی سفارش کی۔
پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک کی خبروں کی بھی شدید مذمت کی،بانی اور تاحیات چئیرمین عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
قرارداد میں کہا گیا پاکستان تحریک انصاف میں کسی قسم کے فارورڈ بلاک بننے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،تحریک انصاف کے تمام ممبران بانی اور تاحیات چئیرمین عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔