محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔ گردوغبار، آندھی اور بارش کا یہ سلسلہ یکم جون تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اسلام آباد، مری، گلیات اور گر دونواح میں موسم شدید خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ آندھی کے باعث شدید گرمی کی لہر میں بھی کمی دیکھی جائے گی۔
سندھ کی بات کی جائے تو آج اور کل کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور بدین میں آندھی کے جھکڑ چلنے کا امکان ہے جبکہ بارش کا فی الحال امکان نہیں۔ بارشیں بلوچستان کے مختلف علاقوں، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہوں گی۔
دوسری طرف این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کومحتاط رہنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہوسکتا ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مشینری، عملہ الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں میں سفر میں احتیاط کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔