سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت ہے۔ ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ جبکہ گزشتہ رات آپریشن میں آتشی اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا۔ اور گرفتار شرپسندوں سے آنسو گیس کے شیل، اسلحہ، غلیلیں اور پتھر برآمد ہوئے۔ خیبر پختونخواکے سرکاری ملازمین اور اہلکار بھی احتجاج کا حصہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
گرفتاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے 400 شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا۔ جبکہ اٹک سے 410، چکوال سے 44 اور مری سے 3 شرپسند گرفتار ہوئے۔ میانوالی سے 8 شرپسند گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکار شہید ہوئے۔ متعدد پولیس اور رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پی ٹی آئی کا احتجاج کسی طور پر بھی پرامن نہیں تھا۔ اور احتجاج کا مقصد صرف ملک میں بدامنی پھیلانا تھا۔ گرفتار شرپسندوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔