اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر پنشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر پنشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے پنشن اسکیم میں ترامیم یکم جولائی 2024 سے لاگو کرنے کی سفارش کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے آنے والے نئے ملازمین کے لیے کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔
موجودہ پنشنرز کے لیے بھی نئے رولز متعارف کرائے جائیں گے۔ای سی سی نے موجودہ پنشنرز کے لیے پنشن فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنشن فنڈز کے لیے رولز وفاقی حکومت بنائے گی، اے سی سی نے مختلف وزارتوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی۔