0

مارگلہ ہلز پر 3 مختلف مقامات پر آگ لگ گئی

اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر 3 مختلف مقامات پر آگ لگ گئی ، سی ڈی اے کے 75 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ سی ڈی اے اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے، مارگلہ کی سیدپور ویلج رینج میں لگی آگ کو بجھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کیلئے 2ہیلی کاپٹر استعمال کیے جائیں گے ، پہلا ہیلی کاپٹر راول ڈیم سے پانی بھر کے آگ پر پھینکے گا، جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر پاکستان آرمی نے بھجوایا ہے۔  دوسرا ہیلی کاپٹر خان پور ڈیم سے پانی بھر کے آگ پر پھینکے گا، چیئرمین این ڈی ایم اے اور پاک فوج کی شکر گزار ہوں۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ چکی ہیں ، ہمارے 75 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں ، جبکہ آگ پر جلد قا بو پانے کیلئے مزید ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہوا تیز بہاو کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ڈائریکٹر فار پروٹیکشن اور ڈی جی انوائرمنٹ خود بھی موقع پر موجود ہیں ۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے مارگلہ پہاڑیوں پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعطم نے کہا ہے کہ مارگلہ پہاڑیوں پر لگی آگ پر جلد سے جلد قابو یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آگ سے کسی انسانی جان کو نقصان نہ پہنچے اور جنگلی حیات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply