وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پرسعودی عرب روانہ ہو گئے جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے۔
وزیراعظم 28 سے 29 اپریل کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے ، وزیراعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب نے دی ہے۔
وزیراعظم عالمی صحت ،فنانشل ٹیکنالوجیز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، وفاقی کابینہ کے اہم اراکین وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔









