پولیس کے مطابق گوادر کے علاقے کلمت میں نامعلوم افراد نے مسافروں کو بس سے اتار کر ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایک زخمی طبی امداد کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ذرائع کے مطابق تمام افراد کراچی جا رہے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادرکے علاقے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کی مذمت کی ہے، انہوں نے جاں بحق چھ افراد کے لواحقین سے اظہارتعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کوسزا دی جائے،شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی بلوچستان کے علاقے کلمت میں فائرنگ واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر کے علاقے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کی مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے بزدلانہ کارروائی کرکے شہریوں کو نشانہ بنایا، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شناخت کرکے مسافروں کو نشانہ بنانا بربریت اور درندگی ہے۔