افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم ہوگیا، چھ ماہ میں ارجنٹ اور ریگولر دونوں پاسپورٹ نہیں مل رہے تھے، اب شہریوں کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ وقت پر ملیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لئے اسلام آباد کا ریجنل پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو 14 سے 16 شہروں میں نادرا دفاتر میں 24 گھنٹے پاسپورٹ کی سہولت بھی دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگلے 7 سے 8 دن میں ان شہروں میں پاسپورٹ کاؤنٹرز بنا کر لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ کے ماڈل سینٹرز بھی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس کے باہر مافیا کے خلاف ایف آئی اے کریک ڈاؤن کر رہا ہے، انہوں نے پاسپورٹ آفس کے عملہ کو اچھی کارکردگی پر خراج تحسین بھی پیش کیا، اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے کہا کہ وزیر داخلہ کے ویژن کے مطابق پاسپورٹ آفس کی سروسز میں بہتری لائی گئی ہے۔