پاکستانی نوجوان آفاق مشوانی نے آسٹریلیا کے رائل ملٹری کالج میں قوم کا نام روشن کر دیا، آفاق مشوانی 147 پی ایم اے لانگ کورس سے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹ ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا اپر دیر سے ہے۔
رائل ملٹری کالج آسٹریلیا میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب منعقد کی گئی، پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے دوران شاندار کارکردگی کے اعتراف میں آفاق مشوانی کو میجر جنرل فنلے ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا۔
آفاق مشوانی رائل ملٹری کالج آسٹریلیا سے اعلی سطح کی کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاس آؤ ٹ ہو گئے، یہ ایوارڈ رائل ملٹری کالج میں صرف بہترین کیڈٹ کو دیا جاتا ہے اور پاکستانی تاریخ میں پہلی بار کسی کیڈٹ نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
آفاق مشوانی نے الما میٹر پی ایم اے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن کے ساتھ ساتھ پی ایم اے کی ٹریننگ کے ابتدائی مہینوں میں بہت کچھ سیکھ لیا تھا۔ قوم کو اپنے اس نامور فرزند پر فخر ہے، آفاق مشوانی کی شاندار کارکردگی ہماری نوجوان نسل کے لیے ایک عظیم مثال ہے۔









