مسلم لیگ ن کی رہنما نے اپنے ایک بیان میں مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہنے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹولہ تنقید کر رہا جن کا لیڈر اپنی بیٹی کو بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سربراہان مملکت یونیفارم پہن کر اپنی فورسز کی عزت و تکریم میں اضافہ کرتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنے دورِ حکومت میں یہی کیا تھا، مریم نواز نے اس روایت کو برقرار رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کے اس عمل پر جلنے اور سڑنے کی ضرورت نہیں، انہوں نے پولیس کا یونیفارم پہن کر پنجاب پولیس کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے مریم نواز کے اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں کیا ہورہا ہے۔ چیف منسٹر صاحبہ پولیس یونیفارم میں پریڈ میں آگئیں، یہ غیر سنجیدہ حکومت ہے، نہ کوئی پالیسی بیان، نہ مہنگائی پر کوئی بات۔
عمر ایوب نے کہا کہ آج بجلی کا ریٹ 85 روپے یونٹ ہے، گیس کا ریٹ چار گنا بڑھ گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 870 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کا معاہدہ سائن کیا ہوا ہے، اور 100 ارب روپے مزید پیٹرولیم لیوی کردیا ہے۔