0

رؤف حسن سمیت 9 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع ، 2 خواتین کی ضمانت منظور

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن سمیت 9 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین دن کی توسیع کر دی جبکہ دو خواتین کی ضمانت منظور کر لی۔

رئوف حسن و دیگر ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا، ایف آئی اے کے تفتیشی افسرنے رؤف حسن سمیت دیگر ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ابھی تک ریکور نہیں ہوئے، ای میل اکاؤنٹ لاگ ان کرنے ہیں، پیسوں کے عوض لوگ واٹس ایپ گروپ چلا رہے ہیں، بیرون ملک سے لوگ بھی اس میں شامل ہیں۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے موبائل سے سوشل میڈیا پر بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس ملے ہیں، رؤف حسن سوشل میڈیا ٹیم کی سربراہی کرتے ہیں۔عدلیہ اور انتظامیہ کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے، سوشل میڈیا اکاؤنٹس جانچنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے رؤف حسن سمیت 9 شریک ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں  3 روز کی توسیع کر دی۔

علاوہ ازیں عدالت نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے گرفتار 2 خواتین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں 50 ، 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

 

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply