وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے عوام کو سستے گھروں کی فراہمی کے لیے ‘اپنا گھر ، اپنی چھت ‘ پروگرام کی منظوری دے دی گئی جس کا آغاز 14 اگست کو کیا جائے گا۔
صوبائی کابینہ نے دور دراز علاقوں میں عارضی بنیادوں پر ڈاکٹروں کی بھرتی کی بھی منظوری دی، ان علاقوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے الاؤنس میں اضافہ کیا جائے گا۔ مزید برآں پنجاب سکھ آنند میرج ایکٹ 2024 کی بھی منظوری دی گئی جس سے پنجاب سکھ میرج ایکٹ کو نافذ کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
کابینہ نے پنجاب میں گارمنٹس سٹی کے قیام، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے سروس کنٹریکٹ میں توسیع اور دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے الاؤنس میں اضافے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے غیر ملکی ایمبریو کی درآمد کی منظوری دی، جس میں صوبے میں ایمبریو کی پیداوار کی خدمات شامل ہیں، پنجاب ڈرگ رولز 2007 پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے ایک کمیٹی قائم کی گئی، اور ڈسٹرکٹ شوگر کین (ڈویلپمنٹ)سیس کمیٹیوں 2022-23 کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ پاسکو کو درآمد شدہ گندم کی واجب الادا رقم کی ایڈجسٹمنٹ ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ میں سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں،انہوں نے تمام وزراء کو اپنے ماتحت محکموں میں طلباء کی انٹرن شپ پروگرام تیار کرنے اور چیف منسٹر انٹر ن شپ پروگرام کو تمام ڈیپارٹمنٹس سے لنک کرنے کی ہدایت کی، مریم نواز نے کہا کہ جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدر پولیس میڈلز کیلئے 39 افسران کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی گئی ، صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،آئی جی اور متعلقہ سیکریٹریز اور دیگر حکام کی اجلاس میں شرکت کی ۔