پی آئی اے نے ملتان ایئرپورٹ پر کیبن کریو سے سمگل شدہ موبائل فونز برآمدگی کے معاملے پر تمام ملوث اراکین کو فی الفور معطل کرکے شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق ملتان آمد پر کسٹمز حکام کی جانب سے چیکنگ کے دوران کیبن کریو سے جدید سمارٹ فونز برآمد ہوئے۔
پی آئی اے انتظامیہ نے فی الفور تمام کیبن کریو کو معطل کر کے شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے اور مزید تحقیقات کے لئے محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پی آئی اے ترجمان نے مزید کہا کہ ائیر لائن انتظامیہ ملازمین کے کسی بھی خلاف ضابطہ اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کرتی، غیر قانونی کاموں میں ملوث ملازمین کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جاتی۔
جرم ثابت ہونے کی صورت میں کمپنی پالیسی کے تحت سخت ترین سزا کا تعین کیا جائے گا۔









