اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ان کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں ہو رہا ہے ۔
حکومتی کمیٹی کے اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، فاروق ستار جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس موجود ہیں۔
مذاکرات کے موقع پر ایاز صادق نے کہا کہ میرا کام مذاکرات میں سہولت کاری کرنا ہے ،اسٹیبلشمنٹ سے نہیں ،وزیر اعظم اور اپوزیشن سے رابطے میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے، حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا جمہوریت کو مضبوط بنائے گا، مذکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ہم نے عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے، ملکی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے دو تین سینئر لوگ آج دستیاب نہیں ، آج ہماری ابتدائی میٹنگ ہے، ایجنڈا سامنے رکھا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے قیدیوں کی رہائی کی بات ہو گی، 26 نومبر کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے، امن و امان کی صورت حال اور معاشی چیلنجز کی بات ہو گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ اچھی توقعات لے کر مذاکرات کیلئے جا رہے ہیں، ہمارے پیش نظر عوام، پاکستان کی ترقی اور خوش حالی ہے، امید ہے مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔









