بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ موخر کر دیا گیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل ایڈووکیٹ خالد چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ناصر جاوید رانا نے فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ فیصلہ آج نہیں آئیگا،چھٹیاں آ رہی ہیں اور ہائیکورٹ کا کورس بھی ہے۔
ایڈووکیٹ خالد چودھری نے کہا کہ ہم توقع کررہے تھے آج فیصلہ آجائیگا جس پر عدالت نے کہا کہ کیس کا فیصلہ لکھ رہے ہیں ، کچھ دیر میں آئندہ سماعت کی تاریخ دے دیں گے۔
خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ عدالت نے ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا، عدالتی عملے نے بتایا تھا کہ فیصلہ 23 دسمبر سنایا جائے گا۔