پولیس کے مطابق صبح سویرے کلفٹن انڈر پاس کے قریب گاڑی تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوکر قلابازی کھاتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارنوجوان شاہ زیب جاں بحق اوراس کا دوست الیاس زخمی ہوگیا۔
شاہ زیب ایم کیو ایم پاکستان کی خاتون رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار اور مرحوم سینئر صحافی سید انصار علی نقوی کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی میت ورثا کے حوالے کردی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رعنا انصار کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا رعناانصار اور ان کے اہلِخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایم این اے رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا،انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ رعنا انصار کے جواں سال بیٹے کی اچانک موت کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا ہے۔
دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں رعنا انصار کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اللّٰہ تعالیٰ رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ کو دکھ کی اس گھڑی میں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔سپیکر نے اللّٰہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔









