موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج رات سے بارش کا امکان ہے، بارش کا یہ سلسلہ کل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بارش کا امکان ہے، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارشوں کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا جس میں ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارش کے دوران عوام کو بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی صورت حال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں، سڑکوں کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔









