0

محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے ملک بھر میں مزید بارشوں، آندھی اور جھکڑ چلنے

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رواں ہفتے وقفے وقفے سے آندھی جھکڑ چلنے اور بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اپریل سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس سے 24 سے27 اپریل تک بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 29 اپریل کے دوران پہاڑوں پر برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 26 سے 29 اپریل تک تیز ہوا کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

اندرون سندھ میں 25 اور 26 اپریل کو سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور دادو میں گرد آلود ہواؤں کیساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، خیبر پختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک اورگرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اورگرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔لاہور، رائے ونڈ اور اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔

جڑانوالہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ پتوکی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply