0

دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے پرعزم ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کاسرچشمہ ہیں،دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئےپرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈمارشل سیدعاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی ،آپریشن بنیان مرصوص اور خضدار میں دہشتگرد انہ حملے کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

شرکا نے کہا کہ خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی،خضدار حملے میں 4 معصوم بچے اور 2بے گناہ افراد شہید ہو ئے۔

فورم نے معرکہ حق کے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداکاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔

شرکا نے فیلڈ مارشل کے اسٹریٹجک ویژن،غیرمتزلزل قیادت اور گرانقدرخدمات کااعتراف کیا،کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے  آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کااعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ۔

فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا،فورم نے  معرکہ حق کے فیصلہ کن مرحلے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کی ستائش کی۔

فورم نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت،ہم آہنگی اور بلند حوصلے کوسراہا،کورکمانڈرز کانفرنس میں  پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کی تعریف کی گئی۔

شرکا نے مزید کہا کہ بھارتی پراپیگنڈا،جعلی خبروں اور بھارتی جنگی جنون کیخلاف میڈیا ریاست کے شانہ بشانہ کھڑا رہا،پاکستانی میڈیا نے حقائق اور درست اعدادوشمار سے عوامی اعتماد کوفروغ دیا۔

شرکا نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک کردار کی تعریف کی اورسیاسی قیادت کی دوراندیشی،بے مثال قیادت او ر غیرمتزلزل عزم سے قوم کی رہنمائی پرسلام پیش کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے عوام کی غیرمتزلزل حمایت کو خراج تحسین پیش کیا،فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کاتحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply