تفصیلات کے مطابق کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ 300 طلبا کو لے کر خصوصی پرواز رات گئے پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچی۔ طلبا کے استقبال کے لیے ان کے والدین اور رشتہ دار ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی کرغزستان سے دو پروازوں کے ذریعے 346 طلبا وطن واپس پہنچے تھے۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل پر خصوصی پرواز 171 طلبا و طالبات کو لے کر پہنچی۔ جہاں سینیٹر مصدق ملک نے طلبا کا استقبال کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر خصوصی ڈیسک اور طلبا کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
دوسری پرواز بشکیک سے 175 طلبا کو لے کر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وطن واپس آنے والے طلبا کا استقبال کیا تھا۔
طلبا نے مفت واپس لانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر طالبعلم 90 سے 92 ہزار روپے سفری اخراجات ادا کر کے آیا ہے۔