سیاحوں کو چھبیس اور ستائیس اپریل کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور گندم کی کٹائی کے علاقوں میں کسانوں کوموسم پر گہری نظر رکھنے کا مشورہ بھی دے دیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات سے جاری ایڈوائزری کے مطابق چھبیس اور ستائیس اپریل کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، نوشکی،پشین،ہرنائی،ژوب و دیگر علاقوں میں بارشیں برسیں گی جس کے باعث مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
ستائیس اور اٹھائیس اپریل کے دوران دیر،سوات،چترال،مانسہرہ اور کوہستان میں بارشوں اور ان کی وجہ سے طغیانی آسکتی ہے ۔
ستائیس سے انتیس اپریل تک بالائی کے پی ،مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ بلوچستان، خیر پختونخوا سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارشوں،طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہوگا ۔
تمام تر موسمیاتی صورتحال سے فصلوں سمیت انسانی جانوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے. بارشوں کی بنا پر ملک کے مختلف مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی جا سکتی ہے ۔