چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے سری لنکا پہنچنے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی ایک روزہ مختصر دورہ پر آج رات سری لنکا پہنچیں گے۔ مصروفیات کی وجہ سے محسن نقوی سری لنکا روانہ نہیں ہوسکے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ آئی سی سی میٹنگ کولمبو میں شیڈول ہے جس میں مخلتف ممالک سے تعلق رکھنے والے بورڈ کے ارکان شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میٹنگ میں پاکستان کی میزبانی میں آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ پی سی بی اور آئی سی سی کی طرف سے بجٹ فائنل کرلیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے اس اجلاس کے دوران محسن نقوی کی سائیڈ لائن پر کئی بورڈز کے اہم سربراہان سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔