چک جھمرہ کے گاؤں چھوٹی گھرتل کے قریب کچے پھاٹک پر ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث شا لیمار ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا۔
اس حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق حادثہ رات دو بجے کے قریب پیش آیا، جسے سے شا لیمار ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
اس حادثے کی وجہ سے فیصل آباد جانے اور آنے والی ریل گاڑیوں کو روکا گیا ہے۔ عینی شاہدین نے کہا کہ ٹریکٹر ٹرالی ریلوے ٹریک میں پھنس گئی جب ڈرائیور نے ٹرین قریب آتی دیکھی تو اس نے ٹریکٹر کی پن نکال لی اور ٹریکٹر کو ٹرالی سے الگ کر کے ٹریکٹر لے کر چلا گیا۔
ٹرالی اینٹوں سے بھری ہوئی تھی، جس سے ٹرین ٹکرا گئی جس کے بعد ٹرین پٹڑی سے نیچے اتر گئی، حادثے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہوئے، متعدد مسافر بھی زخمی ہوئے، حادثے سے ریلوے ٹریک بھی ٹوٹ گیاہے، جس کے بعد فیصل آباد سے لاہور اور وزیرآباد کیلئے تمام ریلوے ٹریفک کو بند کر دیا گیا۔









