کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید پاکستانی طلبا کے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے افسران و عملے نے ان کا استقبال کیا۔
طلبا کا اسٹیٹ گیسٹ لاؤنج میں استقبال کیا گیا اور ریفریشمنٹ فراہم کی گئی جبکہ طلبا کے اپنے گھروں کو روانگی کے لیے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا۔
طلبا کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز کا اہتمام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
کرغزستان میں پاکستانی طلبا پر تشدد کے معاملہ پر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے پاکستانی طالب علموں کو بشکیک سے وطن واپس لانے کے لیے 2 خصوصی پروازیں شیڈول کر دیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز منگل کو صبح اسلام آباد پہنچے گی جبکہ دوسری پرواز منگل کو بشکیک سے لاہور دوپہر 2 بجے لینڈ کرے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ قومی ایئرلائن ہر مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ حکومتی ہدایات کے تحت اور ضرورت کے مطابق مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔