آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے چینی سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دفاعی تعاون اور خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط اور مشترکہ حکمت عملی پر زوردیا گیا۔علاقائی سلامتی کے پیش نظر عملی تیاری اور فوری ہم آہنگی ناگزیر قرار دی گئی ۔
چین اور پاکستان کے درمیان دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،چینی سفیر نے مشرقی سرحدی تناؤ میں پاک فضائیہ کی کارکردگی کی ستائش کی۔
ایئر چیف نے چین کی مسلسل حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر دلی تشکر کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان،چین آئرن برادرز ہیں، باہمی اعتماد مزید مضبوط کریں گے۔
چین اور پاکستان کے روابط گزشتہ دہائیوں میں بہت مضبوط ہوئے،روابط مستقبل میں باہمی تعاون اور شراکت داری کے ذریعے مزید تقویت پائیں گے.
سربراہ پاک فضائیہ نے بھرپور حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر چین کا شکریہ ادا کیا،پاکستان کو دفاعی جدت سے ہمکنار کرنے، تکنیکی ترقی میں تعاون پر اظہار تشکر کیا اس کے علاوہ انسانی وسائل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و ترویج کے شعبوں میں تعاون پربھی اظہارتشکر کیا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے فتح کو پاک فضائیہ کے اعلیٰ معیار اور قومی دفاع کے غیر متزلزل عزم سے منسوب کیا،چینی سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے چینی ساختہ آلات اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی تعریف کی۔
چینی سفیر نے خود انحصاری کے میدان میں پاکستان کی جانب سے پیش رفت کی بھی تعریف کی ، انہوں نے کہا
پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر سرمایہ کاری کے امید افزا نتائج برآمد ہونا شروع ہو چکے ہیں،ملکی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ میں مسلسل بہتری پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت بخشے گی۔









