کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گزشتہ روز غیر ملکیوں پر حملے میں استعمال ہونے والے موٹرسائیکل کے مالک کا پتہ لگ گیا۔
پولیس نے موٹرسائیکل مالک کے تلاش کے لیے محمود آباد، اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن میں چھاپے مارے۔ اس دوران جس شہری کے نام حملے میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل تھا اسے حراست میں لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
موٹرسائیکل کے مالک نے انکشاف کیا کہ اس نے زندگی میں کبھی موٹرسائیکل خریدا ہی نہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شہری کا شناختی کارڈ جعل سازی کے ذریعے استعمال کیا گیا۔
واضح رہے کہ لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب گزشتہ روز دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی ملیر طارق الہی کا کہنا تھا کہ تمام غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے، حملے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔