محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں یکم جولائی سے30ستمبرتک ہونے والی مون سون بارشوں کی رپورٹ جاری کردی اور بتایا کہ مون سون کی بارشیں اوسط سے 51 فیصد زیادہ ہوئیں، بلوچستان میں معمول سے 111 فیصد، سندھ میں 108 فیصد اور پنجاب میں 48 فیصد سے زائد رہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یکم اگست کوصرف ایک روزکے دوران لاہور ائیرپورٹ پر337 ملی میٹر بارش ہوئی، لاہور میں مون سون سیزن کے دوران مجموعی طورپر 951.1 ملی میٹر(38انچ) بارش ہوئی، بلوچستان کے تین اضلاع دالبندین، نوکنڈی اور تربت میں جولائی میں گرم ترین دن رہے جبکہ سب سے ٹھنڈی رات اسکردو میں ریکارڈ ہوئی۔
بتایا گیا کہ اگست کے مہینے میں خلیج بنگال کے مقابلے میں بحیرہ عرب میں کم طوفان تشکیل پاتے ہیں، اس لحاظ سے رواں سال بننے والا طوفان اسنیٰ نایاب تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں معمول سے 111 فیصد، سندھ میں 108 فیصد، پنجاب میں 48 فیصد سےزائد، خیبرپختونخواہ میں معمول سے 5 فیصد، گلگت بلتستان میں اوسط2 فیصد زیادہ جبکہ آزادجموں وکشمیر میں اوسط سے 21 فیصد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔









