0

مختلف شہروں میں بارشوں سے تباہی ، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 8 افراد جاں بحق

مون سون کی بارشوں نے مختلف شہروں میں تباہی مچا دی، نشیبی علاقے زیر آب آنے سے جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

فیصل آباد، نارووال اور رحیم یار خان میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 8 افراد جان سے گئے ، راجن پور اور ڈیرا غازی خان کے کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالے بپھر گئے۔

بلوچستان کے علاقوں توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، قلعہ عبداللہ، پشین اور زیارت میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دیواریں اور سولر پینلز گرنے سے 10 افراد زخمی ہوئے۔

چمن میں ریلوے ٹریک ریلے میں بہہ گیا ،نوشکی میں ریلوے ٹریک میں شگاف  پڑنے سے پاک ایران ریلوے رابطہ بھِی منقطع  ہو گیا۔ ،جیکب آباد کے علاقے گڑھی خیرو کے قریب نہر میں 70 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔

اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ، سیلابی ریلا جنڈولہ بازار میں داخل  ہوگیا جس کی وجہ سے  زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچا۔

طوفانی بارشوں سے وانا گومل زام روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر بند ہو گئی، خیبر میں بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ۔

محکمہ مو سمیات نے آج پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے بعض علا قوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply