وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے متعلق ابھی صرف اپنے ارادے کو ظاہر کیا ہے۔
شہباز شریف کے مشیر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آرٹیکل 17 کے تحت کسی بھی پارٹی پر پابندی کے لیے ڈکلیئریشن دے سکتی ہے۔ کابینہ منظوری دے گی تو ڈکلیئریشن سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ڈکلیئریشن کو 15 دن میں سپریم کورٹ میں پیش کیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ بھی ڈکلیئریشن سے متفق ہو جائے تو اس پارٹی پر پابندی عائد ہو جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں دیے گئے طریقے کار کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے لیے سپریم کورٹ میں ایک کیس دائر کرے گی۔ عمران خان اور سابق صدر عارف علوی کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔