دن بھر کی شدید گرمی کے بعد شام ڈھلتے ہی ملک بھر کے مختلف شہروں میں آندھی کیساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی ہوائیں چلنے کے بعد بارش ہوئی ، گرمی سے پریشان شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، بارش ہونے سے مختلف شاہرائوں پر پانی کھڑا ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
اٹک اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جھلستی گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔
پشاور میں آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں ، تیز ہوائیں چلنے لگیں،بادل اور ہوائوں سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی ،مختلف مقامات پر درخت گرنے سے 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، واضح رہے محکمہ موسمیات نے آج موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی تھی۔









