0

وزیراعظم کا اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ کے ہمراہ، وفاقی وزیر امیر مقام بھی کرغزستان جائیں گے۔ دونوں وزراء کل صبح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے۔

وزیر خارجہ بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ زخمی طلباء کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

وزیر خارجہ پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم آج بشکیک میں پاکستانی سفیر سے بھی رابطے میں رہے اور پورا دن صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔

دوسری جانب کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکی طلبہ پر حملے کے حوالے سے بشکیک شہر کے محکمہ داخلی امور کے سربراہ کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

سربراہ بشکیک سٹی داخلہ امور کا کہنا تھا کہ 13 مئی کو ہونے والی لڑائی میں ہلاکت کی اطلاع جھوٹی ہے۔ بشکیک میں 13 مئی کو بودیونی کے ہاسٹل میں مقامی اور غیرملکی طلبہ میں لڑائی ہوئی تھی، بعد ازاں جھگڑے میں ملوث 3 غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 مئی کے واقعے کے خلاف 17 مئی کی شام چوئی کرمنجان دتکا کےعلاقے میں مقامی طلبہ نے احتجاج کیا اور جھگڑے میں ملوث غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مظاہرے کے پرتشدد ہونے کے خطرے کے پیش نظر پبلک آرڈر کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، بعد ازاں وفاقی پولیس کے سربراہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply