وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں طلبہ پر ہونے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارت خانے نے ایمرجنسی نمبر فراہم کر دیئے اور صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک پاکستانی طلبہ گھروں پر رہیں، مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔ طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کرغزستان میں طلباء پر ہجوم کے حملوں کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، ہم نے پاکستانی طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کرغز حکام سے رابطہ قائم کیا ہے۔