0

پاکستان میں پہلی مرتبہ پلاٹ کے ملکیتی پیپرز اور شناختی کارڈ کی کاپی پر قرضہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان میں پہلی مرتبہ پلاٹ کے ملکیتی پیپرز اور شناختی کارڈ کی کاپی پر قرضہ دینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تین میگا پراجیکٹس اپنی چھت اپنا گھر،چیف منسٹر گرین ٹریکٹر،چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری سمیت غیر قانونی اسلحہ اور پتنگ بازی پر قید اور جرمانے کی سزاؤں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان میں پہلی مرتبہ پلاٹ کے ملکیتی پیپر اور شناختی کارڈ کی کاپی پر ہاؤسنگ لون جاری کرنے کی منظوری دی گئی،15 لاکھ روپے قرض لینے والے کو 9 سال میں 14 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنی ہوگی جبکہ عوام سے کوئی اضافی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔

مریم نواز نے وزرا کو ہاؤسنگ لون کی پہلی قسط خود جاکر دینے کی ہدایت کی۔ پنجاب میں گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 9500 ٹریکٹر دینے کی منظوری دی گئی، 50 ایکڑ تک اراضی مالکان کو ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ گرین ٹریکٹر اسکیم کا آغاز 20 ستمبر سے جبکہ قرعہ اندازی 20 اکتوبر کو کی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو 30 ہزار ٹریکٹر دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ اجلاس میں چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے زیر التواء 12 ہزار ہارٹ سرجری جلدازجلد کرنے اور انٹرنیشنل سرجنز کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بچوں کے دماغی امراض کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کا حکم دیا، صوبائی کابینہ نے پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹرمیڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے لئے ایم ڈی کیٹ پالیسی کی منظوری بھی دی، صوبے کی پہلی پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply